عشرت حسین بٹ
پونچھ// جمعہ کو گورنمنٹ گرلز مڈل سکول راجپورہ منڈی میں تعلیم حاصل کر رہیں طالبات نے ان کی سکول عمارت پر بی ایس ایف کے قابض ہونے کی وجہ سے منڈی لورن سڑک پر بیٹھ کر انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ احتجاجی طالبات کا کہنا تھا کہ کوڈ انیس کے دوران ان کے سکول میں انتظامیہ کی جانب سے ڈگری کالج منڈی کی کلاسوں کو پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور جب کوڈ انیس کی بندشوں کے بعد ان کے سکول کو متعلقہ علاقہ کے پٹوار خانہ میں منتقل کیا گیا جہاں پر طالبات کو اپنی پڑھایی جاری رکھنے کے لیے محض ایک ہی کمرا دیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی پڑھایی کافی حد تک متاثر ہو رہی تھی۔
والدین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے انہیں بہت جلد ان کی سکول بلڈنگ واپس دینے کا وعدہ کیا تھا مگر کچھ دن قبل اسی عمارت میں بی ایس ایف نے قبضہ جما لیا ہے جس کی وجہ سے سکولی طالبات کو آج سڑکوں پر اترنا پڑا اور اساتذہ نے بچوں کو راجپورہ منڈی سڑک پر پڑھانا شروع کر لیا ہے اور گزشتہ ایک گھنٹے سے لورن منڈی سڑک پر ٹریفک نقل حرکت بھی متاثر ہویی ہے۔