عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// آرمی چیف جنرل اوپیندرا دویدی نے ہفتہ کے روز اودھم پور میں ناردرن کمانڈ ہیڈکوارٹر میں تینوں افواج، فوج، فضائیہ اور بحریہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا مقصد آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ آرمی چیف کو جموں، کشمیر اور لداخ میں آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں فوج، فضائیہ، بحریہ اور انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
بھارتی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ آرمی چیف نے تینوں افواج کے درمیان مشترکہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر مباحثے کی صدارت کی۔ بیان کے مطابق جنرل اوپیندرا دویدی نے جدید ترین ہتھیاروں، آلات اور دیگر لاجسٹک اثاثوں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ناردرن کمانڈ کے تمام اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنز میں ہم آہنگی کے اقدامات کو زبردست انداز میں سراہا۔
یہ اجلاس اس وقت منعقد ہوا جب بھارت اور چین کے درمیان مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر ہفتہ وار مشترکہ گشت کی بحالی کے بعد کشیدگی میں نرمی دیکھی جا رہی ہے۔
دونوں ممالک نے نومبر کے اوائل میں ان علاقوں میں حالیہ ڈی اسکلیشن کے بعد پہلا مشترکہ گشت مکمل کر لیا ہے۔ معاہدے کے تحت ہر فریق ہفتے میں ایک گشت کرے گا۔ یہ معاہدہ سیاسی، سفارتی اور فوجی سطح پر متعدد مذاکرات کے بعد طے پایا تھا۔