عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دویدی نے بدھ کے روز جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی کی صورتحال اور فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جنرل دویدی، جنہوں نے 30 جون کو فوج کے 30ویں سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا، آج صبح جموں پہنچے اور سرحدی ضلع پونچھ پہنچ گئے۔
اُنہوں نے کہا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، شمالی کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سچندرا کمار اور جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا کے ساتھ، آرمی چیف نے فضائی جائزہ لینے سے پہلے پونچھ میں فیلڈ کمانڈروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
آرمی چیف نے 93 انفنٹری بریگیڈ کے کچھ سابق فوجیوں سے بھی بات چیت کی۔
جنرل دویدی، جنہوں نے 2022 سے 2024 تک شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف کے طور پر کام کیا تھا، بعد میں واپس جموں چلے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شام کو دہلی واپس جانے والے ہیں۔
آرمی چیف کا جموں و کشمیر کا دورہ جاری امرناتھ یاترا اور خاص طور پر جموں خطہ کے مختلف اضلاع میں ملی ٹینٹ ہینڈلرز کی طرف کی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن کے پیش نظر اہمیت کا حامل ہے۔