عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشن بدھ کے روز چھٹے دن میں داخل ہو گیا ہے، جہاں سیکورٹی فورسز جنگلاتی علاقے میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ فورسز دشوار گزارپہاڑی اور جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں سمیت تمام وسائل استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہاآپریشن چھٹے دن میں داخل ہو چکا ہے اور جاری ہےجبکہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہو رہا ہے۔
یہ جھڑپ جمعہ کے روز اس وقت شروع ہوئی جب جنوبی ضلع کولگام علاقے کے اکہال جنگلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی۔جھڑپ کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ کم از کم دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق جمعہ کی شام دونوں جانب سے ابتدائی فائرنگ کے بعد آپریشن رات کے لیے روک دیا گیا تھا، لیکن محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا اور اضافی کمک روانہ کی گئی۔ہفتہ کی صبح دوبارہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں دو دہشت گرد مارے گئے۔مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت اور ان کی تنظیمی وابستگی کی تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔
کولگام میں انسداد دہشت گردی آپریشن چھٹے دن میں داخل
