عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ایک دور دراز گاؤں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن اتوار کو دوسرے دن میں داخل ہو گیا، تاہم تازہ فائرنگ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ہفتہ کی شام کوگ-منڈلی گاؤں، تحصیل بلاور میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی کاروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا اور دو افسر زخمی ہو گئے۔ ملی ٹینٹوں نے سرچ پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کئی گھنٹے تک شدید جھڑپ جاری رہی۔
پولیس کے مطابق، علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ زخمی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز) اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
یہ جھڑپ کٹھوعہ کے کوگ-منڈلی گاؤں میں اس وقت ہوئی جب ضلع میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کیونکہ کٹھوعہ سمیت جموں، اودھم پور، سانبہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ میں یکم اکتوبر کو تیسرے اور آخری مرحلے کے اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، آنند جین اور دیگر سینئر افسران موقع پر موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔