عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پولیس نے ضمانت پر رہا 2 جنگجو معاونین پر جی پی ایس ٹریکر نصب کئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ عدالت سے موصول ہونے والے حکم کی تعمیل میں، اننت ناگ پولیس نے جمعرات کو زیر سماعت ملی ٹینٹ معاونین پر جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائسز چسپاں کر دی ہیں جنہیں یو اے(پی) کیس میں ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملزمان کو یو اے پی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 34/2018 کے سلسلے میں پولیس تھانہ ڈورو نے گرفتار کیا تھا اور عدالت نے ان کی ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جی پی ایس پازیب کا استعمال مذکورہ ملی ٹینٹ ساتھیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ وہ ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی نہ کریں۔