عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// ضلع پولیس اننت ناگ نے ایک بڑی کاروائی کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں (روک تھام) ایکٹ 1967 (UAPA) کی دفعہ 25 کے تحت ایک دو منزلہ رہائشی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ جائیداد فردوس احمد بھٹ، ساکن ہگام لون پورہ، سریگفوارہ کے نام پر درج ہے۔ جائیداد کا رقبہ 1 کنال 10 مرلے (سروے نمبر 5419/561 مین) ہے اور اس کی تخمینہ مالیت تقریباً 5 کروڑ روپے ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ کاروائی پولیس سٹیشن مٹن میں درج ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 57/2024 کے تحت عمل میں لائی گئی اور اسے ایک مکمل طور پر قانونی ضابطے کے مطابق پولیس ٹیم اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں انجام دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام علاقے میں غیر قانونی اور تخریبی سرگرمیوں کے خلاف جاری تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔
اننت ناگ پولیس نے قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو ختم کرنے اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنی پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اننت ناگ پولیس دیگر اداروں کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرتے ہوئے ان افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ملک کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔