عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پولیس نے جموں سانبہ ضلع کے چلا ڈنگا جنگلاتی علاقے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سانبہ کی سربراہی میں ایک ٹیم، جس میں ایس ایچ او سانبہ اور انچارج بارڈر پولیس پوسٹ چلا ڈنگا شامل تھے، چلا ڈنگا علاقے میں گشت کے دوران معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ چلا ڈنگا کے کاوالا جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کا ٹھکانہ موجود ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے علاقے میں مکمل تلاشی مہم چلائی اور ایک درخت اور چٹان میں بنائی گئی خفیہ جگہوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ برآمد کیے گئے سامان میں 29 زندہ کارتوس، اے کے رائفل کی ایک میگزین اور دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمدگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ نامعلوم ملک دشمن عناصر نے ملک مخالف کارروائیاں انجام دینے اور جان و مال کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے غیر قانونی طور پر یہ مواد جمع کیا تھا۔ تاہم، اس برآمدگی کے ذریعے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا گیا اور ایک بڑے تخریبی حملے کو روکا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سانبہ میں ایف آئی آر نمبر 54/2025 درج کی گئی ہے، جس میں دفعہ 13/16/23 یو اے (پی) ایکٹ، 7/25 انڈین آرمز ایکٹ اور 4/25 ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ شامل ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
سانبہ کے جنگلاتی علاقے میں اسلحہ برآمد
