عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں تلاشی مہم کے دوران ایک شخص کو گرفتار کرکے گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن سرگرمیوں کو روکنے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، بارہمولہ پولیس نے پٹن کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے گولہ بارود سمیت قابل اعتراض مواد برآمد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئےمحمد مقبول ڈار عرف جاوید ڈار ولد خضر محمد ڈار ساکن نیو کالونی سریور پورہ پٹن کی رہائش گاہ پر ایک خصوصی چھاپہ مارا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ مار کارروائی پولیس اسٹیشن پٹن میں یو اے پی اے کی دفعات 10 اور 13 اور آئی پی سی کی دفعات 121 اور 121 اے کے تحت درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 78/2024 میں انجام دی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی آپریشن کے دوران پولیس نے مذکورہ مقام سے کالعدم تنظیم جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ سے وابستہ پوسٹر اور اے کے 47 کے 20 رائونڈ بر آمد کئے۔انہوں نے کہا کہ بر آمد شدہ مواد کو بر سر موقع ہی ضبط کیا گیا جبکہ ملزم کو حراست میں لیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ بازیابی کی نوعیت کے پیش نظر، کیس میں اضافی دفعات یو اے پی اے کی دفعہ 23 اور آرمز ایکٹ کی دفعہ 7/25 کو بھی استعمال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بارہمولہ پولیس امن اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کے خلاف سختی سے کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے اور عوام سے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی گئی۔
بارہمولہ میں گولہ بارود اور مجرمانہ مواد بر آمد، ایک شخص گرفتار:پولیس
