عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر میں سخت سکیورٹی بندوبست کے بیچ وزیر داخلہ امیت شاہ پیر کی شام سری نگر پہنچیں گے۔وہ اپنے تین روزہ دورہ جموں وکشمیر کے لئے اتوار کی شام جموں پہنچے۔یہ ان کا گذشتہ برس جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمرعبداللہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یونین ٹریٹری کا پہلا دورہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ وزیر داخلہ سری نگر پہنچنے پر، ڈی ایس پی ہمایوں بٹ، جو ستمبر 2023 میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے جنگل میں ایک انکائونٹر کے دوران جاں بحق ہوئے تھے، کے اہلخانہ سے ملنے کے لئے ان کی رہائش گاہ پر جائیں گے۔
اس انکائونٹر میں دو فوجی افسر کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھونچک اور ایک فوجی جوان بھی جاں بحق جبکہ لشکر طیبہ سے وابستہ کمانڈر عذیر خان ہلاک ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمایوں بٹ کے اہلخانہ سے ملنے کے بعد وزیر داخلہ بذریعہ روڈ راج بھون سری نگر پہنچیں گے جہاں وہ رات کے لئے قیام کریں گے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ منگل کے روز راج بھون میں دو اہم میٹنگوں کی صدارت کریں گے جن میں سے ایک میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ دوسری میٹنگ میں خطے کے تعمیراتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر اور اس کے مضافات میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر اور مضافاتی علاقوں میں جہاں گشت کو بڑھا دیا گیا ہے وہیں اہم مقامات پر بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
انپسکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے ہفتے کو وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک مشترکہ سکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔
سخت سکیورٹی بندوبست کے بیچ امیت شاہ آج شام سری نگر پہنچیں گے
