عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کے روز ہندوستان اور پاکستان کی سرحد کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، ذرائع کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری عسکری کشیدگی کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔
یہ اجلاس ان گھنٹوں کے بعد ہوا جب بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے اطلاع دی کہ انہوں نے جموں میں بین الاقوامی سرحد پار سے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا، جس کے دوران کم از کم سات دہشت گرد مارے گئے اور پاکستان رینجرز کی ایک چوکی تباہ کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، امیت شاہ نے نہ صرف ہند-پاک سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا بلکہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی مشاہدہ کیا۔
واضح رہے کہ بی ایس ایف ہندوستان-پاکستان سرحد کی نگرانی کرتی ہے جبکہ سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) ملک کے ہوائی اڈوں، میٹرو نیٹ ورکس اور دیگر اہم تنصیبات کی حفاظت پر مامور ہے۔
اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تاپن ڈیکا، بی ایس ایف، سی آئی ایس ایف اور بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرلز شامل تھے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز بھارت کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں متعدد مقامات پر کارروائی کے بعد اور جمعرات کو پاکستانی افواج کی جانب سے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کے بعد، جو بھارتی مسلح افواج نے ناکام بنا دی، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
امیت شاہ نے ہند-پاک سرحد اور ہوائی اڈوں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا
