جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ہر قیمت پر کچل دیں؛ امت شاہ کا سیکورٹی فورسز کو مشورہ

نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیش نظر یہاں اتوار کو اعلیٰ سطحی میٹنگ میں مرکز کے زیر انتظام خطے میں سیکورٹی صورتحال اور آئندہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
شاہ نے سیکورٹی فورسز کو مشورہ دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو ہر قیمت پر کچل دیں اور جلد خاتمے کو یقینی بنائیں۔
یہاں نارٹھ بلاک میں دو مرحلوں میں تقریباً چار سے پانچ گھنٹے سے بھی زیادہ جاری رہنے والی میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر، آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ، آرمی چیف نامزد جنرل اپیندر دویدی، مرکزی پولیس فورسز کے ڈائریکٹر جنرل، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، جموں و کشمیر انتظامیہ اور مرکزی وزارت داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
مسٹر شاہ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ فوج اور پولیس نے انہیں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔ اس کی بنیاد پر افسران کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے سختی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔
آئندہ امرناتھ یاترا کو ذہن میں رکھتے ہوئے یاتریوں کی حفاظت سے متعلق تیاریوں اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی میٹنگ میں جائزہ لیا گیا۔
اس سے قبل جمعرات کو مسٹر مودی نے مسٹر شاہ اور مسٹر ڈوبھال اور دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ میٹنگ میں مسٹر مودی نے دہشت گردی مخالف کارروائیوں میں مسلح افواج کی پوری صلاحیت کا استعمال کرنے کو کہا تھا۔ اس کے بعد مسٹر شاہ نے جمعہ کو ایک میٹنگ میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا تھا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے سے دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان مسلسل تصادم ہو رہے ہیں۔