عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر، بھارتی فوج کی جانب سے ’’آپریشن سندور‘‘کے آغاز کے بعد، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے رابطہ کیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔ امیت شاہ نے ڈی جی بی ایس ایف کو ہدایت دی ہے کہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ادھر، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج صبح جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈسٹرکٹ کلیکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حساس علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ایل جی کا کہنا تھا میں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ حساس علاقوں سے دیہاتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور ٹرانسپورٹ کا بندوبست کریں۔ ہم ہر شہری کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ جے ہند! سنہا نے کہا کہ حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع کی صورتحال کا تمام اعلیٰ انتظامی، پولیس اور ضلعی افسران، بشمول تمام بارڈر اضلاع کے ڈی سی صاحبان کے ساتھ جائزہ لیا۔ میں خود صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں اور حکومت ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔قبل ازیں دن میں، امیت شاہ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے پہلگام میں ہونے والے ہولناک دہشت گرد حملے کے جواب میں فوج کی جانب سے شروع کیے گئےآپریشن سندورکو سراہا، جس میں 26 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت بھارتی شہریوں پر کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انھوں نے کہا ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ آپریشن سندورہمارے معصوم بھائیوں کے قتل عام کا بھارت کی جانب سے منہ توڑ جواب ہے۔ مودی حکومت بھارت اور اس کے شہریوں پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔ بھارت دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے اپنے عہد پر قائم ہے۔بھارت نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے درست نشانہ بازی کی ہے۔
1971 کے بعد سے پاکستان کی غیر متنازعہ حدود میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے، جس میں پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں موجود دہشت گرد کیمپوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ گزشتہ پانچ دہائیوں میں پاکستان کی سرزمین پر نئی دہلی کی سب سے بڑی عسکری کارروائی ہے۔
امیت شاہ کا عمر عبداللہ سے رابطہ، ڈی جی بی ایس ایف کو سرحدی علاقوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
