سرینگر// جموں و کشمیر حکومت کو راجوری میں 16 اموات کی وجوہات کے حوالے سے ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مداخلت کی ہے اور وزارت داخلہ کی قیادت میں ایک بین وزارتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے تاکہ گزشتہ چھ ہفتوں میں جموں کے راجوری ضلع میں ہونے والے تین مختلف واقعات میں ہونے والی اموات کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔
وزیر داخلہ وزیر امت شاہ نے وزارت داخلہ کی قیادت میں ایک بین وزارتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے، جو متاثرہ گاؤں کا دورہ کرے گی اور ان اموات کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
حکم کے مطابق، ٹیم میں وزارت صحت و خاندانی بہبود، وزارت زراعت، وزارت کیمیکلز و کھاد، اور وزارت آبی وسائل کے ماہرین شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ٹیم کو مویشیوں کی دیکھ بھال، فوڈ سیفٹی اور فارنسک سائنس لیبز کے ماہرین کی مدد بھی حاصل ہوگی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ ٹیم 19 جنوری کو متاثرہ علاقے کا دورہ کرے گی اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اپنانے پر کام کرے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ “ملک کے معتبر اداروں کے ماہرین کو صورتحال کو سنبھالنے اور اموات کی وجوہات کو سمجھنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے”۔
راجوری میں پراسرار اموات؛ مرکزی وزیر داخلہ نے بین وزارتی ٹیم کے قیام کا حکم دے دیا
