عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج نئی دہلی میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر، چیف سکریٹری، جموں و کشمیر کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے علاوہ وزارت داخلہ اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اس سے قبل گزشتہ روز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی جموں و کشمیر کی سیکورٹی پر ایک اہم جائزہ میٹنگ بلائی جس میں آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، ہوم سکریٹری اور وزارت داخلہ اور فوج کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر سے ملی ٹینسی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ مودی حکومت کی مسلسل اور مربوط کوششوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کا ماحولیاتی نظام نمایاں طور پر کمزور ہوا ہے۔ وزیر داخلہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ تیز کرنے کی ہدایت کی اورزیرو انفلٹریشن کا ہدف مقرر کیا۔ انہوں نے ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ملی ٹینسیکے وجود کو مکمل طور پر ختم کرنے دراندازی اور ملی ٹینٹ سرگرمیوں کے خلاف اپنی کارروائیوں میں سخت رویہ اختیار کریں۔
امیت شاہ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ نارکو نیٹ ورک دراندازوں اور ملی ٹینوں کو اپنی سرگرمیاں انجام دینے میں مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے ملی ٹینٹوں کی فنڈنگ کے خلاف تیز اور سخت کارروائی کرنے کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر منشیات کی تجارت سے پیدا ہونے والی۔
مزید برآں، وزیر داخلہ نے ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) میں خالی آسامیوں کو پر کرنے میں تیزی لائیں تاکہ نئے فوجداری قوانین کے بروقت نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
امیت شاہ نے دہشت گردی کے تئیں مودی حکومت کی ’زیرو ٹالرینس‘ پالیسی پر زور دیا، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ مقصد دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر کو حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے تمام سیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم آہنگی سے کام کریں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کے مختلف پیرامیٹرز میں نمایاں بہتری لانے کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔