عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا کہ جموں و کشمیر کی مزید تین سیاسی جماعتوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جسے وادی میں بھارتی آئین کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’’جموں و کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ، اور کشمیر فریڈم فرنٹ جیسے تین مزید تنظیموں نے حریت سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ یہ وادی میں بھارتی آئین پر عوامی اعتماد کا نمایاں مظاہرہ ہے۔
ان جماعتوں کے سربراہان محمد یوسف نقاش، چیئرمین اسلامک پولیٹیکل پارٹی جموں و کشمیر؛ حکیم عبدالرشید، چیئرمین مسلم ڈیموکریٹک لیگ جموں و کشمیر اور بشیر احمد انداربی، چیئرمین کشمیر فریڈم فرنٹ نے باضابطہ طور پر حریت اور اس کی نظریاتی پالیسیوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔
امت شاہ نے مزید کہامودی جی کے ایک متحد اور مضبوط بھارت کے وژن کو آج مزید تقویت ملی ہے، کیونکہ اب تک ایسی 11 تنظیمیں علیحدگی پسندی کو ترک کرچکی ہیں اور غیر متزلزل حمایت کا اعلان کرچکی ہیں۔
اس پیش رفت کو مرکزی حکومت کی ان کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے جو جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند رجحانات کو کمزور کرنے اور آئینی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
حریت سے مزید تین جماعتوں کی علیحدگی ،امت شاہ نے کیا خیرمقدم
