عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان راجیہ سبھا نشستوں کی تقسیم پر جاری تعطل کے درمیان، کانگریس نے اپنے سینئر لیڈران اور اراکینِ اسمبلی کی ایک اہم میٹنگ آج دوپہر پارٹی ہیڈکوارٹر پر طلب کی ہے۔پارٹی کے سینئر لیڈر اور بانڈی پورہ کے ایم ایل اے نظام الدین بھٹ نے کہا کہ یہ اجلاس اتحاد سے متعلق اُبھری صورتحال پر غور و خوض کرنے اور پارٹی ہائی کمانڈ سے ہدایات حاصل کرنے کے لیے بلایا گیا ہے۔میٹنگ کی صدارت پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ کریں گے۔
کانگریس ایک محفوظ نشست کے حصول پر زور دے رہی ہےیعنی ان میں سے کسی ایک نشست پر جو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی پہلی اور دوسری نوٹیفکیشن میں شامل ہیں۔ تاہم نیشنل کانفرنس نے کانگریس کو وہ نشست پیش کی ہے جو تیسری نوٹیفکیشن کے تحت آتی ہے، جہاں اتحاد کے پاس 29 پہلی ترجیحی ووٹوں کے بعد 24 دوسری ترجیحی ووٹ ہیں، جو ایک امیدوار کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے کافی ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کے پاس اس نشست پر 28 ووٹ ہیں۔جموں و کشمیر اسمبلی میں حکمران اتحاد کے پاس 53 اراکین ہیں، جب کہ بی جے پی کے پاس 28 اراکین ہیں۔
راجیہ سبھا نشستوں پر تعطل کے درمیان کانگریس کی آج اہم میٹنگ | قرہ کی صدارت میں ایم ایل ایز اور سینئر لیڈران کا اجلاس ہوگا منعقد
