عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وادی کے بالائی علاقوں میں موسم کی پہلی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کے دوران، محکمہ موسمیات نے پیر کو جموں و کشمیر کے لیے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے خطے بھر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
کشمیر عظمیٰ کو دستیاب تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا کہ مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور زیادہ تر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں (بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برفباری) متوقع ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ جموں صوبہ کے کچھ الگ تھلگ مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش جبکہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں درمیانی سے بھاری بارش کا امکان ہے۔محکمہ نے کہاہلکی سے درمیانی بارش (بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری) دوپہر تک متوقع ہے جس کے بعد موسم میں بہتری آئے گی۔ 8 اکتوبر کو چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ 9 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو 6 اور 7 اکتوبر کے دوران تمام سرگرمیاں معطل رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ وادی کشمیر، چناب ویلی اور پیر پنجال کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برفباری جبکہ جنوبی کشمیر اور چناب ویلی کے بعض بالائی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی حساس مقامات پر بھاری لینڈ سلائیڈنگ آنے کا بھی خدشہ ہے۔دریں اثنا، گل مرگ، سنتھن ٹاپ، سادھنا پاس اور رزدان ٹاپ سمیت کئی بالائی علاقوں میں آج صبح موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ وادی کے میدانی علاقوں بشمول سرینگر میں گزشتہ رات سے بارش جاری ہے۔
برف وباراں کے بیچ، محکمہ موسمیات کی جانب سے جموں و کشمیر کیلئے اورنج الرٹ جاری
