سری نگر/جموں و کشمیر میں لگاتار بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نئی دہلی کا دورہ مختصر کرتے ہوئے فوری طور پر وادی واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باوثوق ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ بدھ کی شام تک سری نگر پہنچیں گے اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک ہنگامی اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ گزشتہ روز جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں شرکت کے لئے دو روزہ دورے پر دہلی روانہ ہوئے تھے۔ انہیں اس اہم میٹنگ میں ریاست کی نمائندگی کرنی تھی، لیکن وادی میں اچانک موسلا دھار بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر جانے اور متعدد اضلاع میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے باعث انہوں نے دہلی میں قیام کو نامناسب قرار دیا۔ چنانچہ انہوں نے فوری طور پر دہلی کا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کیا۔
حکام نے یو این آئی کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ریاستی انتظامیہ پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ فوج، پولیس اور ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف) کو ہنگامی بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان کو روکا جا سکے۔
دریں اثنا، ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے سری نگر پہنچتے ہی ایک جامع میٹنگ منعقد ہوگی جس میں ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، پولیس و فوجی افسران اور آفات سے نمٹنے والے محکمے کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس میٹنگ میں ریسکیو آپریشن، امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ علاقوں میں فوری امداد پہنچانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دہلی کا دورہ مختصر کرکے سری نگر روانہ
