عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے سالانہ امرناتھ یاترا کو ریاست کی روحانی ہم آہنگی، کثیرالثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کی شاندار روایت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یاترا صرف ایک مذہبی سفر نہیں بلکہ کشمیری سماج کی رواداری، بھائی چارے اور عوامی اتحاد کی جیتی جاگتی مثال ہے۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امر ناتھ یاترا جموں و کشمیر کی شناخت ہے، جو ملک کے کونے کونے سے آنے والے لاکھوں یاتریوں کو نہ صرف روحانی سکون فراہم کرتی ہے بلکہ ریاست کے عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی مہمان نوازی اور محبت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہا کہ یاترا کے دوران مقامی مسلمان، ہندو، سکھ اور دیگر برادریاں مل جل کر خدمات انجام دیتی ہیں، جو کہ وادی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال ہے۔سریندر چودھری نے یاترا کے کامیاب اور محفوظ انعقاد کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ، سیکورٹی ایجنسیوں اور مقامی عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یاترا کے راستوں پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات، لنگر سروسز، طبی سہولیات، رہائش اور صفائی جیسے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور عوام یکساں طور پر اس مذہبی روایت کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا صرف مذہب کا تہوار نہیں بلکہ انسانیت اور اخوت کا پیغام ہے، جو دنیا کو یہ بتاتا ہے کہ جموں و کشمیر ایک ایسی زمین ہے جہاں دلوں کو جوڑنے والی روایات زندہ ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مستقبل میں بھی اس یاترا کے کامیاب انعقاد اور یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
امر ناتھ یاترا جموں و کشمیر کی روحانی یکجہتی اور ثقافتی ورثے کی علامت : نائب وزیر اعلیٰ
