عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/امرناتھ یاترا کو آج یعنی 17 جولائی 2025 کو پہلگام اور بالتل دونوں بیس کیمپوں سے ایک دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ دو روز سے جاری مسلسل شدید بارشوں کے باعث یاترا کے راستوں پر بحالی کے کام کی ضرورت پیش آئی ہے۔ بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) نے دونوں راستوں پر مرمتی کام مکمل کرنے کے لیے اپنی مشینری اور افرادی قوت کی بھاری تعیناتی کی ہے تاکہ کل سے یاترا دوبارہ شروع کی جا سکے۔
صوبائی کمیشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کہا گزشتہ چند دنوں کی مسلسل بارشوں کے باعث راستوں پر فوری مرمت اور دیکھ بھال کے کام کی ضرورت ہے، لہٰذا آج دونوں بیس کیمپوں سے گھپا کی طرف کسی بھی قسم کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تاہم، پانجترنی کیمپ میں گزشتہ رات قیام کرنے والے یاتریوں کو مناسب سیکیورٹی اور BRO و ماؤنٹین ریسکیو ٹیموں کی نگرانی میں بالتال کی طرف واپسی کی اجازت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر موسم سازگار رہا تو یاترا کل سے دوبارہ بحال ہونے کا امکان ہے۔
اب تک 2.47 لاکھ سے زائد یاتری شری امرناتھ جی یاترا 2025 کے دوران گھپا میں درشن کر چکے ہیں ـ