عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شری امرناتھ جی یاترا 2025 کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے ہفتہ کے روز پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اہم مشترکہ سیکورٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں مختلف سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف، ٹریفک پولیس، ریلوے پولیس، اور ریاستی پولیس کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں سپیشل ڈی جی پی کوآرڈینیشن ایس جے ایم گیلانی، اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹرز ایم کے سنہا، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نیتیش کمار سمیت کشمیر و جموں زونز کے آئی جی پیز اور دیگر سینئر افسران شامل تھے۔
ابتدائی بریفنگ میں زونل آئی جی پیز نے ڈی جی پی کو یاترا کے لیے مجوزہ سیکورٹی انتظامات سے آگاہ کیا، جب کہ نیم فوجی اداروں اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں نے بھی اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے اجلاس کے دوران تمام افسران کو ہدایت دی کہ:معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے؛یاترا کے راستوں پر اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی کارروائی کا قبل از وقت تدارک ہو سکے؛ریئل ٹائم نگرانی، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے سیکورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور دہشت گرد نیٹ ورکس کی بیخ کنی کے لیے فیلڈ افسران اپنی کارروائیاں تیز کریں۔
اجلاس کے اختتام پر تمام ایجنسیوں نے یاترا کے پرامن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور ہم آہنگی، چوکس نگرانی اور مکمل تیاری کا عزم کیاـ
امر ناتھ یاترا: پولیس سربراہ نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
