عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کل یعنی 2 جولائی کو یہاں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ جی یاترا کے پہلے قافلے کو کشمیر کے لئے روانہ کریں گے۔امسال 38 دنوں پر محیط شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔اس پوتر یاترا میں شریک ہونے کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں یاتری بھگوتی نگر بیس کیمپ پر جمع ہو رہے ہیں۔
ایک یاتری نے بتایایہ میری چوتھی یاترا ہے،پہلی یاترا پر ہمارا 4 یاتریوں کا گروپ تھا جو بڑھ آج پچاس تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہاکوئی ڈر نہیں ہے، پہلگام واقعے کے بعد رجسٹریشن منسوخ کرنے کا سوچا لیکن پھر حکومت نے حالات ٹھیک کر دئے اور جموں وکشمیر کے لوگوں نے بھی یاترا کرنے کی بار بار دعوت دی۔دلی سے تعلق رکھنے والے ایک یاتری نے بتایا: ‘ڈرنے کی کوئی بات ہی نہیں ہے، کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے، بابا نے بلایا ہے، حکومت نے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں۔
سرکار ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 2 جولائی کی علی الصبح 4 بجے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پہلے قافلے کو روانہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ قافلہ شام کو کشمیر پہنچے گا اور پھر 3 جولائی سے دونوں روایتی راستوں ننون پہلگام راستے اور بالتل راستے سے بہ یک وقت یاتری پوتر گھپا کے درشن کے لئے روانہ ہوں گے۔حکومت اور شرائن بورڈ نے احسن اور کامیاب کاترا کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی و دیگر سہولیات کے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔
شری امرناتھ یاترا:بھگوتی نگر بیس کیمپ پر یاتریوں کی بڑی تعداد میں آمد شروع
