عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز امرناتھ یاترا 2025 کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکورٹی، ٹریفک اور دیگر بنیادی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔یہ اجلاس راج بھون سرینگر میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکریٹری اتل ڈولو کے علاوہ پولیس کے سینئر افیسران نے شرکت کی۔ایل جی منوج سنہا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ یاترا کے دوران ٹریفک ایڈوائزری کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ عام لوگوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز)، ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکمے آپسی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ یاتری قافلوں کی باقاعدہ نقل و حرکت یقینی بنائی جا سکے اور ٹریفک منصوبے کو کامیابی سے نافذ کیا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کے لیے قائم کیے گئے رہائشی مراکز اور صفائی کے یونٹس کی حالت کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور روزانہ بنیادوں پر معائنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا ایک مقدس اور حساس سفر ہے جس کے دوران تمام محکمہ جات کو باہم مربوط اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی، تحفظ اور آسانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ یاترا سے متعلقہ تمام عملے کو چوکس اور مکمل طور پر تیار رہنا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔