ؑعظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سالانہ امرناتھ یاترا 2025 کے آغاز سے قبل جموں، سانبہ اور کٹھوعہ کے سرحدی اضلاع میں یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کو مزید چیک پوائنٹس قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ ہدایت جموں-سانبہ-کٹھوعہ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) شیو کمار شرما نے ایک سیکورٹی آڈٹ کے دوران متعلقہ پولیس افسران کو دی۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ تمام ناکوں کو مزید مستحکم کرنے اور رات کے وقت نگرانی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایسی جگہوں کی نشاندہی کریں جہاں مزید ناکے قائم کیے جا سکتے ہیں تاکہ یاتریوں کی مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈی آئی جی شیو کمار شرما نے رام مندر پرانی منڈی میں تعینات سی آئی ایس ایف اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے مقامات پر زیادہ چوکس رہنے کی ہدایت دی۔تمام ایس ایچ اوز تھانہ انچارجز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یاترا کے دوران رات کے وقت گشت میں اضافہ کریں اور سیکیورٹی کے اقدامات کو مزید مضبوط بنائیں۔
واضح رہے کہ 38 روزہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہونے جا رہی ہے، جس کے لیے پہلا قافلہ 2 جولائی کو بھگوتی نگر بیس کیمپ، جموں سے وادی کشمیر کے لیے روانہ ہوگا۔ یاترا کے لیے دو راستے مقرر ہیں 48 کلومیٹر طویل پہلگام روٹ اور14 کلومیٹر مختصر مگر دشوار گزار بالہ تل روٹ جو 3880 میٹر بلند امرناتھ گھپا درگاہ کی طرف لے جاتے ہیں۔
جموں کا بھگوتی نگر یاتری نواس یاتریوں کے لیے مرکزی بیس کیمپ کے طور پر کام کرتا ہے، جہاں سے وہ وادی کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ یاتریوں کو محفوظ، پرامن اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔
امرناتھ یاترا: جموں صوبہ میں اضافی چیک پوائنٹس قائم کرنے کی ہدایت، سیکورٹی مزید سخت
