عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ امرناتھ گپھا مندر کی زیارت کے لیے ایک تازہ قافلہ جمعہ کے روز جموں سے روانہ ہوا، جس میں 2,800 سے زائد یاتری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق، 23ویں قافلے میں 2,896 یاتری شامل ہیں جن میں 2,505 مرد اور 314 خواتین شامل ہیں۔ یہ قافلہ سی آر پی ایف اور پولیس کی سیکیورٹی میں صبح 3:30 بجے سے 4:18 بجے کے درمیان بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے دو مرکزی بیس کیمپس کی جانب 117 گاڑیوں میں روانہ ہوا۔
پہلا قافلہ، جس میں 790 یاتری 42 گاڑیوں میں سوار تھے، گاندربل ضلع کے مختصر مگر دشوار گزار 14 کلومیٹر طویل بالتل راستے پر روانہ ہوا، جبکہ دوسرا قافلہ 2,106 یاتریوں پر مشتمل تھا جو 75 گاڑیوں کے ذریعے اننت ناگ ضلع کے روایتی 48 کلومیٹر طویل پہلگام راستے سے یاترا پر روانہ ہوئے۔
حکام کے مطابق، 2 جولائی کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے پہلے قافلے کو روانہ کرنے کے بعد سے اب تک 1,36,774 یاتری جموں بیس کیمپ سے وادی کی طرف روانہ ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 5.10 لاکھ سے زائد یاتریوں نے قدرتی برف سے بنی شیو لنگ کی درشن کیے تھے۔
یہ یاترا 9 اگست کو راکھی کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
امرناتھ یاترا: 2800 سے زائد یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ جموں سے روانہ
