عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں جاری سالانہ شری امرناتھ یاترا پرامن ماحول میں جاری ہے، جہاں اب تک 2.34 لاکھ سے زائد یاتریوں نے مقدس غارمیں حاضری دی۔ بدھ کی صبح 6,064 یاتریوں کا ایک اور قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ وادی کی جانب روانہ ہوا۔پہلا قافلہ بدھ کی صبح تین بجکر 30منٹ پر روانہ ہوا، جس میں 95 گاڑیوں میں 2,471 یاتری شامل تھے اور یہ بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ کیا گیا۔
دوسرا قافلہ صبح 4 بجے نکلا، جس میں 139 گاڑیوں میں 3,593 یاتری شامل تھے، اوراس کو ننون پہلگام کی طرف روانہ کیا گیا۔دس جولائی کو پہلگام میں ‘چَھڑی مبارک’ کی بھومی پوجن کی تقریب انجام دی گئی، جسے مہنت سوامی دیپندر گری جی کی قیادت میں سنتوں کے ایک قافلے نے سرینگر کے دشنامی آکھاڑے سے پہلگام پہنچایا۔
روایتی رسومات کے بعد چَھڑی مبارک کو واپس دشنامی آکھاڑہ سرینگر منتقل کیا گیا۔ یہ چَھڑی 4 اگست کو وہاں سے روانہ ہوگی اور سری نگر کے شَنکراچاریہ اور ہاری پربت مندروں میں رسومات ادا کرے گی۔اس کے بعد چَھڑی مبارک درگا ناگ، پانپور، اونتی پورہ، بجبہارہ، مٹن، گنیش پورہ اور پہلگام میں پوجا کے بعد 9 اگست کو امر ناتھ مقدس غار پہنچے گی، جہاں یاترا کا رسمی اختتام عمل میں آئے گا۔
انتظامیہ نے امسال کی یاترا کے لیے تین پرتوں پر مشتمل سخت سیکورٹی بندوبست کیا ہے۔اس مقصد کے لیے 180 اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے، جو فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، ایس ایس بی اور مقامی پولیس کے ہمراہ پورے یاترا روٹ کی نگرانی کر رہے ہیں۔
فوج نے خصوصی مہم آپریشن شیو 2025 شروع کی ہے، جس میں 8,500 سے زائد فوجی جوان جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ساتھ تعینات ہیں۔تمام عارضی کیمپ، بیس کیمپ اور جموں سے لیکر غار تک کا راستہ مکمل طور پر سیکورٹی حصار میں ہے۔اس سال یاترا کا آغاز 3 جولائی کو ہوا تھا اور 9 اگست کو شرون پورنیما اور رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
امر ناتھ یاترا: 13 دن میں دو لاکھ سے زائد یاتریوں نے کئے درشن، یاتریوں کا ایک اور قافلہ روانہ
