عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن منگل کو سری نگر پہنچے جہاں انہوں نے سالانہ امرناتھ یاترا 2025 کے لیے سیکورٹی انتظامات اور جموں و کشمیر کی مجموعی حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے منگل کے روز سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پولیس سربراہ نالین پربھات، فوج کی پندرہویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرشانت شریواستو ، اے ڈ ی جی نتیش کمارکے علاوہ سیول انتظامیہ سے وابستہ عہدیدار اور سراغ رساں ایجنسیوں سے وابستہ سینئر آفیسران نے بھی شرکت کی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس سربراہ نالین پربھات نے داخلہ سیکریٹری کو جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری فراہم کی۔
پولیس سربراہ نے اس موقع پر کہاکہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھگوتی نگر سے لے کر پوترا گھپا تک چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔یاد رہے کہ حال ہی میں پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد، حکام نے اس سال یاترا کے دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
میٹنگ کے دوران مرکزی داخلہ سیکریٹری کو بتایا گیا کہ ٹرانزٹ کیمپس اور راستوں پر فوج، نیم فوجی دستوں کے علاوہ جموں وکشمیر پولیس کی کثیر پرتوں والی سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے، ریڈیو فریکونسی کے ذریعے یاتریوں کی نگرانی کے علاوہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتری قافلے کی نگرانی کے لئے سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس کے درمیان مکمل تال میل قائم ہے، اور ہر سطح پر سیکورٹی کے تمام پہلوؤں کو انتہائی باریکی سے دیکھا جا رہا ہے۔
امرناتھ یاترا :2025مرکزی داخلہ سکریٹری کا دورۂ سری نگر، سیکورٹی انتظامات کا لیا جائزہ
