عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ہاتھوں روانہ ہونے والے پہلے قافلے میں شامل یاتریوں کا آج کشمیر پہنچنے پر مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عام شہریوں نے بھی امرناتھ یاترا پر آئے عقیدت مندوں کا والہانہ خیرمقدم کیا۔
پہلے قافلے میں شامل 5,892 یاتری جب قاضی گنڈ کے نیوگ ٹنل کے راستے وادی میں داخل ہوئے تو ضلعی ترقیاتی کمشنر کولگام، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ساوتھ کشمیر رینج) نے ان کا خیرمقدم کیا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر رویندر رائنا بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے، جنہوں نے یاتریوں کو گل دستے، ہار، مٹھائیاں اور پھول پیش کیے۔
یاتریوں کے قافلے الگ الگ طور بالہ تل اور پہلگام بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے، جہاں سے وہ کل یعنی جمعرات کو 3,880 میٹر بلند گپھا میں درشن کے لیے روانہ ہوں گے۔سرینگر کے نوگام علاقے میں بھی مقامی لوگوں اور حکام نے عقیدت مندوں کا پرجوش خیر مقدم کیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اس سال 38 روزہ امرناتھ یاترا کا آغاز کل (جمعرات) سے ہونے جا رہا ہے، جو 48 کلومیٹر طویل پہلگام-ننون راستے اور 14 کلومیٹر چھوٹے لیکن دشوار بالہ تل راستے سے کی جائے گی۔ یاترا 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔اب تک 3.31 لاکھ یاتریوں نے اس سال کی امرناتھ یاترا کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔