پہلگام//جموں و کشمیر میں امرناتھ کی پوتر گپھا کے قریب جمعہ کو بادل پھٹنے کے واقعہ میں 16افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ بادل پھٹنے کے واقع کے بعد سے اب تک 16افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ابھی تک 40 سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات چیت کی اور امرناتھ گپھا کے قریب بادل پھٹنے کے بعد کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
امت شاہ نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا،”میں نے ایل جی منوج سنہا سے بات کی ہے اور بابا امرناتھ جی کی گپھا کے قریب بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والے سیلاب سے متعلق صورتحال کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ این ڈی آر ایف، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور مقامی انتظامیہ بچاو کے کام میں لگی ہوئی ہے۔ لوگوں کی جان بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ میں تمام یاتریوں کی سلامتی کیلئے دعا کرتا ہوں”۔
تفصیلات کے مطابق بادل پھٹنے کے واقع میں کم از کم 16 یاتریوں کی موت ہو گئی ہے اور کئی دیگر لاپتہ ہو گئے ہیں بادل پھٹنے کے بعد کئی خیمے بہہ گئے ہیں۔
امرناتھ گپھا کے قریب تعینات آئی ٹی بی پی کے اہلکاروں نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں شدید بارش کے بعد گپھا کے اوپر ی علاقوں سے پانی آیا۔ فی الحال بارش رک گئی ہے۔
امرناتھ مندر کے کچھ لنگر بادل پھٹنے سے متاثر ہوئے۔ زخمیوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
زرائع کے مطابق بادل پھٹنے سے کئی ٹینٹ بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ علاقے میں ریسکیو آپریشن شروع کو اب مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں تفصیلات کا انتظار ہے۔
امرناتھ سیلابی ریلا:مزید تین لاشیں برآمد||ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوئی
