عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے سابق امیر ڈاکٹر عبد الحمید فیاض کی جیل میں بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جو اس وقت سینٹرل جیل سرینگر میں قید ہیں۔الطاف بخاری نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹر فیاض کو فوری اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بخاری نے زور دیا کہ صحت کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، چاہے اس کی سیاسی یا نظریاتی وابستگی کچھ بھی ہو۔انہوں نے کہا، ’’سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن جیل میں قید افراد کو آئین کے تحت دئیے گئے بنیادی حقوق حاصل ہوتے ہیں، اور مناسب طبی علاج ان میں شامل ہے۔‘‘
بخاری نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ ڈاکٹر عبد الحمید فیاض کو فوری طور پر درکار طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔‘‘
جیل میں مقید سابق امیر جماعت اسلامی کی صحت ناساز ،الطاف بخاری نے کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل
