عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// ریاسی ضلع کی سب ٹریجری دھرماڑی کے تین اہلکاروں کو سرکاری خزانے سے مبینہ طور پر 1.38 کروڑ روپے کا غبن کے الزام میں مزید تفتیش تک معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور پولیس تھانہ ارناس میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ مبینہ طور پر ایک ملزم ملازم کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل اکاﺅنٹس اینڈ ٹریجری نے کہا، “سب ٹریجری دھرماڑی کے تین ملازمین کو ان کے اعمال کی انکوائری تک معطل کر دیا گیا ہے۔ ملزم افراد — اجیت کمار (اے اے او/اسسٹنٹ ٹریجری آفیسر)، بلبیر سنگھ (اکاونٹس اسسٹنٹ)، اور علی حسین شاہ (ایم ٹی ایس) — پر ٹریجری سے 1.38 کروڑ روپے چوری کرنے کا شبہ ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ تحقیقات میں مبینہ بدانتظامی کا انکشاف ہوا، جس کے بعد فوری کارروائی شروع کی گئی۔ تاہم ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ملزم ملازمین کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں ہیں۔
معطلی کے حکم نامہ کے مطابق، معطل کیے گئے ملازمین کو ڈائریکٹوریٹ آف اکاونٹس اینڈ ٹریجریز، جموں سے منسلک کیا جائے گا۔ مزید، سب ٹریجری ارناس سے اسسٹنٹ ٹریجری آفیسر اپنے موجودہ فرائض کے ساتھ ساتھ اے ٹی او سب ٹریجری دھرماڑی، ریاسی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔