پہلگام حملے میں ملوث تینوں ملی ٹینٹ سری نگر میں مارے گئے: امت شاہ

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو پارلیمنٹ میںبتایا کہ پہلگام حملے میں ملوث تینوں دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی جانب سے سری نگر میں انجام دی گئی ’’آپریشن مہادیو‘‘میں مارے گئے ہیں۔امت شاہ نے کہا کہ یہ آپریشن فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔
مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت سلیمان، افغان اور جبران کے طور پر ہوئی ہے، اور تینوں کو اے گریڈ دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ یہ تینوں پاکستانی شہری تھے۔ ان کے ووٹر کارڈ نمبر موجود ہیں اور ان کے پاس سے پاکستان میں بنی چاکلیٹس بھی برآمد ہوئیں۔
شاہ نے کہا کہ سلیمان، جو لشکر طیبہ کا کمانڈر تھا، پہلگام اور گگن گیر کے دونوں حملوں میں ملوث تھا۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے پاس اس کے کردار کے پختہ ثبوت موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں معصوم سیاحوں کو ان کے اہل خانہ کے سامنے مذہب پوچھ کر بے دردی سے قتل کیا گیا۔
امت شاہ نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور ان خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’آپریشن سندور‘‘کے جواب میں پاکستان نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوئے اور گوردواروں اور مندروں سمیت مذہبی مقامات کو نقصان پہنچا۔شاہ نے سرحد پار فائرنگ سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

Share This Article