عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ سالانہ امرناتھ یاترا 2025 کے لیے جامع سیکورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جو آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی ہے۔ انہوں نے یاترا کے پرامن اور کامیاب انعقاد میں مقامی لوگوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
پہلگام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی بردی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر امسال کی یاترا کے لیے ایک مضبوط اور کثیر سطحی سیکورٹی پلان تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا،گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار ہمارے پاس مزید گہرائی والے اور کئی سطحوں پر مشتمل سیکورٹی انتظامات ہیں تاکہ یاترا کو محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سیکورٹی اقدامات کو یاترا روٹ اور پوری وادی میں مختلف حصوں اور سیکٹروں میں منظم طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر علاقے میں اس وقت اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) کے مطابق مشقیں کی جا رہی ہیں تاکہ فورسز کی تیاری اور ہنگامی صورتحال میں ان کے ردعمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
آئی جی پی نے کہااِن مشقوں کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ہماری کارروائی فوری اور مؤثر ہو۔ آج وادی کے تمام علاقوں میں یہ مشقیں جاری ہیں تاکہ سیکورٹی فورسز چوکنا رہیں اور اپنے فرائض کو اچھی طرح سے جان سکیں۔
کشمیر پولیس کے سربراہ نے امرناتھ یاترا کی کامیابی میں مقامی باشندوں کے ناقابلِ تردید کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہایہاں کے مقامی رہائشیوں کی حمایت کے بغیر کوئی یاترا ممکن نہیں۔ انہی کے تعاون اور مدد سے یہ یاترائیں کامیاب بنتی ہیں۔ اس یاترا کے لیے بھی جب بھی ہم مقامی لوگوں سے بات کرتے ہیں، وہ عقیدت مندوں کا خیرمقدم کرنے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بہت پُرجوش نظر آتے ہیں تاکہ یاترا کامیابی سے مکمل ہو سکے۔
امرناتھ یاترا کیلئے جامع سیکورٹی انتظامات مکمل، مقامی لوگوں کا کردار کلیدی ،مقامی رہائشیوں کی حمایت کے بغیر کوئی یاترا ممکن نہیں:بردی
