عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے جو لوگوں کے ساتھ وعدے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو وقت کے ساتھ ساتھ پورا کیا جائے گا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم ہمیں لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے وقت در کار ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں برزلہ میں واقع ہڈیوں کے ہسپتال کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا،شہر میں آبادی کافی گنجان ہے، آبادی بڑھ رہی ہے، ٹریفک بڑھ رہا ہے، لوگ کس طرح آرام سے چل پھر سکیں اس کو دیکھنے کے لئے ہم شہر کا دورہ کر رہے ہیں۔
ان کا برزلہ ہسپتال کے بارے میں کہنا تھایہ ایک ماڈرن ہسپتال ہے جہاں بہت ہی قابل ڈاکٹر موجود ہیں، یہاں جو فیڈ بیک ہمیں ملا تو خوشی ہوئی کہ یہاں کے ڈاکٹر اچھی طرح سے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔
چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈروں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دلوں میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے درد ہے۔انہوں نے کہاہم لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو نیشنل کانفرنس نے لوگوں کے ساتھ الیکشن کے دوران وعدے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا لیکن ہمیں اس کے لئے وقت درکار ہے۔
لوگوں کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا: نائب وزیر اعلیٰ
