عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ضلع مجسٹریٹ بڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کا کہنا ہے کہ کل یعنی منگل کو ہونے والے بڈگام حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے اور شفاف اور ہموار پولنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 1 لاکھ 26 ہزار 25 رائے دہندگان کے لئے کل 173 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں کچھ خصوصی پولنگ مراکز بھی شامل ہیں۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو ضمنی انتخابات کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاساری تیاریاں کی گئی ہیں، ووٹروں سے متعلق، پولنگ مراکز سے متعلق، کمیونکیشن، سیکورٹی، ٹرانسپورٹیشن سب تیاریاں مکمل ہیں۔
ان کا کہنا تھا: کل 1 لاکھ 26 ہزار 25 رائے دہندگان ہیں جن کے لئے 173 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں ووٹروں کے لئے بھی اور پولنگ عملے کے لئے تمام تر انتظامات اور سہولیات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے اختتام پذیر ہوگا۔ڈاکٹر بلال نے کہا کہ اگر کسی ووٹر کے پاس ووٹر سلپ نہیں ہے تو وہ اس کے باوجود بھی ووٹ ڈال سکتا ہے۔انہوں نے کہاالیکشن کمیشن آف انڈیا نے 13 ایسے شناختی کارڈ رکھے ہیں جن کا استعمال کرکے ووٹ ڈالا جا سکتا ہے جن میں الیکشن کارڈ، آدھار کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس وغیر شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام 173 پولنگ مراکز اہم اور حساس ہیں جہاں ویب کاسٹنگ کی سہولیت رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز میں جہاں ووٹروں کے لئے وہیں پولنگ عملے کے لئے بھی تمام تر انتظامات اور سہولیات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت بڑھ جاتی ہے اور شفاف اور ہموار پولنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے اس الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
بڈگام ضمنی انتخابات کے لئے تمام تر تیاریاں کی گئی ہیں: ضلع مجسٹریٹ بڈگام