سرینگر// وادی کشمیر میں شدید برفباری کے باعث زمینی و فضائی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ سرینگر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہیں، جبکہ بانہال-بارہمولہ ریل سروس بھی برفباری کی وجہ سے معطل کر دی گئی ہے۔
ادھر، قومی شاہراہ، مغل روڈ، ایس ایس جی، بانڈی پورہ گریز، اننت ناگ سنتھن کشتواڑ سمیت کئی اہم راستے بھی بند ہیں۔
سرینگر ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے کہا کہ فلائٹ آپریشن کی معطلی یا بحالی کا حتمی فیصلہ صبح 10 بجے کے بعد لیا جائے گا۔ انہوں نے مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی فلائٹ کی تازہ ترین صورتحال چیک کرنے کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب، انڈیگو ایئرلائنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موسم میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں اور فلائٹ آپریشنز بتدریج بحال کیے جا رہے ہیں۔ تاہم، غیر متوقع موسم کے پیش نظر مسافروں کو پرواز کی صورتحال چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق، بانہال-بارہمولہ ریل ٹریک پر بھاری برف جمع ہونے کے باعث ریل سروس معطل کر دی گئی ہے۔ ایک افسر نے بتایا کہ برف ہٹانے کے لیے خصوصی مشینری استعمال کی جا رہی ہے اور سروس کی بحالی کا فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
اسی دوران، جموں-سرینگر قومی شاہراہ نیویگ ٹنل کے قریب برف جمع ہونے کی وجہ سے بند ہے، جبکہ مغل روڈ، سنتھن روڈ، سونمرگ-کرگل روڈ، اور بھدرواہ-چمبہ روڈ بھی برفباری کے باعث بند ہیں۔
واضح رہے کہ برفباری کے باعث کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔
برفباری: کشمیر کے زمینی و فضائی راستے منقطع، شاہراہیں بند، فلائٹس اور ریل سروس معطل
