شبیر وانی
سرینگر // محکمہ تعلیم جموں نے موسم کی خرابی کے پیش نظر ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ جموں کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کل بروز 26 اگست 2025 کو بھی بند رہیں گے۔
ڈائریکٹر تعلیم جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کے مطابق حالیہ موسلا دھار بارشوں اور خراب موسم کے باعث طلبہ اور اساتذہ کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔
محکمہ نے متعلقہ ضلعی افسران اور تعلیمی سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، یاد رہے کہ صوبہ جموں کے کئی علاقوں میں لگاتار بارشوں کے سبب پسیاں گرنے، سڑکوں کی بندش اور بجلی و پانی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان ہی حالات کے پیش نظر تعلیمی ادارے مزید ایک دن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔