عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی حکومت نے ہنڈن، سری نگر، چنڈی گڑھ، جودھ پور، راجکوٹ اور بھوج سمیت ملک کے 32 ہوائی اڈوں کو شہری طیاروں کی کارروائیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔حکومت نے پاکستان کے ساتھ فوجی کارروائی کے پیش نظر 15 مئی 2025 کی صبح 5.29 بجے تک ان ہوائی اڈوں پر آپریشن عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔ اب یہ پابندی ہٹا دی گئی ہے۔ یہ ہوائی اڈے اب فوری طور پر سول ہوائی جہاز کے آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔
شہری ہوابازی کی وزارت نے پیر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ براہ راست ایئر لائنز کے ساتھ فلائٹ اسٹیٹس چیک کریں اور باقاعدہ اپ ڈیٹس کے لیے ایئر لائن کی ویب سائٹس پر نظر رکھیں۔
قابل ذکر ہے کہ 10 مئی کو ہوابازی حکام نے شمالی اور مغربی ہندوستان کے 32 ہوائی اڈوں کو تمام قسم کے شہری پروازوں کے آپریشن کے لیے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جن ہوائی اڈوں پر اتھارٹی نے آپریشن پر عارضی پابندیاں عائد کی تھیں وہ ہیں ادھم پور، امبالہ، امرتسر، اونتی پور، بٹھنڈہ، بُھج ، بیکانیر، چنڈی گڑھ، ہلواڑہ، ہنڈن، جیسلمیر، جموں، جام نگر، جودھ پور، کانڈلا، کانگڑا (گگل)، کیشود، کشن گڑھ، کلومنالی (بھونتر)، لیہہ، لدھیانہ، مندرا ، نالیہ، پٹھان کوٹ، پٹیالہ، پوربندر، راجکوٹ (ہیراسر)، سرساوا، شملہ، سری نگر، تھوائس اور اترلائی۔
32 سول ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن شروع
