عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// بھارتی ٹیلی کام کمپنی ایئرٹیل نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے دور دراز علاقوں میں موبائل خدمات کا آغاز کیا ہے، جس سے وہ ان علاقوں میں خدمات فراہم کرنے والی پہلی نجی ٹیلی کام کمپنی بن گئی ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے ان اضلاع میں 15 موبائل ٹاورز نصب کیے ہیں، جو مقامی آبادی کے لیے سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجیوں کے لیے بھی اہم مواصلاتی سہولتیں فراہم کریں گے۔
ایئرٹیل نے بھارتی فوج کے تعاون سے ان سرحدی علاقوں کے دیہات کو جوڑنے کے لیے ’وائبرنٹ ولیج‘ پروگرام کے تحت کئی دیہات، جیسے کہ کاچھل، بلبر، رزادان پاس، تایا ٹاپ، استاد، کاٹھی اور چیما کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑ دیا ہے۔
حال ہی میں کمپنی نے گالوان ندی اور دولت بیگ اولڈی (BDO) جیسے دور دراز علاقوں میں بھی کامیابی سے نیٹ ورک فراہم کیا ہے، جو بھارت کے سب سے شمالی فوجی اڈے کے طور پر جانا جاتا ہے۔
مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ ملک کے تمام علاقوں کو جون 2025 تک ٹیلی کام کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔