عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اسمبلی کے آئندہ اجلاس اور راجیہ سبھا انتخابات سے قبل حکمران جماعت نیشنل کانفرنس نے بدھ کی شام اپنے اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، حکمران جماعت نے اپنے اتحادی کانگریس کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے، حالانکہ راجیہ سبھا انتخابات کے معاملے پر دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
ادھرکانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر غلام احمد میر نے تصدیق کی کہ انہیں اجلاس کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکانگریس آج شام اپنی قانون ساز پارٹی کا الگ اجلاس منعقد کر رہی ہے، جس میں ہم مشترکہ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اختلافات اس وقت پیدا ہوئے جب این سی نے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کو کوئی محفوظ نشست دینے سے انکار کیا۔ نیشنل کانفرنس نے اپنے اتحادی کو ایک ’’مشکل ترین‘‘نشست کی پیشکش کی تھی جس پر کانگریس نے انتخاب لڑنے سے انکار کر دیا۔ این سی نے کانگریس کو نگروٹہ اسمبلی نشست کی بھی پیشکش کی تھی، تاہم کانگریس نے وہ بھی مسترد کر دی۔
اجلاس میں پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون، سی پی آئی (ایم) کے محمد یوسف تاریگامی کے علاوہ پانچ آزاد ارکان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔یہ اجلاس اسمبلی کے خزاں اجلاس کے آغاز سے ایک دن قبل اور راجیہ سبھا انتخابات کے لیے ووٹنگ سے دو دن پہلے منعقد ہو رہا ہے۔راجیہ سبھا انتخابات میں چوتھی نشست کے لیے سخت مقابلے کی توقع ہے، جہاں بی جے پی کو 28 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے جبکہ حکمران اتحاد کے پاس 24 ارکان کی حمایت موجود ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس تین ایم ایل ایز ہیں، تاہم اس نے ابھی تک راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے اپنی حکمت عملی ظاہر نہیں کی ہے۔
اسمبلی اجلاس اور راجیہ سبھا انتخابات سے قبل نیشنل کانفرنس نے اتحادی ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا
