جموں/ مسلسل بارشوں کے بعد اودھمپور میں دریائے توی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر چلی گئی ہے، جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے منگل کے روز باضابطہ طور پر سیلابی الرٹ جاری کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دریائے توی میں پانی کی موجودہ سطح 18.315 فٹ تک پہنچ گئی ہے جو انتباہی حد 15 فٹ کو پار کر چکی ہے اور اب یہ سطح خطرے کے نشان 20 فٹ کے قریب پہنچ رہی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور دریا کے کنارے جانے سے پرہیز کریں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ کسی بھی ممکنہ ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں، ایمرجنسی سروسز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے، تاکہ حالات خراب ہونے کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے اور صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور بلا ضرورت پانی کے قریب جانے سے گریز کریں۔
طوفانی بارشوں کے بعد دریائے توی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر، انتظامیہ نے سیلابی الرٹ جاری کیا
