عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقے میں فوجی گاڑی پر فائرنگ کے بعد تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کردیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ کھوجی کتوں اور ڈرون کیمروں کی مدد سے آس پاس علاقوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہے۔اطلاعات کے مطابق راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے جمعرات کو مزید کئی علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر راجوری کے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راجوری کے ساتھ ساتھ پونچھ، ریاسی ، کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔دریں اثنا فوج کی وائٹ نائٹ کور نے آج صبح ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہااکھنور کے سندر بنی سیکٹر میں گذشتہ روز دہشت گردوں نے فوجی کانوائے پر فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا فائرنگ بے اثر رہی اور ہمارے فوجی جوانوں نے اس کا فوری جواب دیا۔فوج نے پوسٹ میں کہاکچھ سوشل میڈیا ہینڈل فوجی جوانوں کی ہلاکت کا جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں یہ جھوٹی اور دانستہ غلط معلومات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
راجوری میں مسلسل دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری
