عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/معروف سماجی و سیاسی شخصیت اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کی سابق ایڈیشنل ترجمان، ایڈوکیٹ ہینہ سلطان نے اپنے ساتھیوں سمیت ہفتے کے روز ایک خصوصی تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ یہ تقریب پارٹی کے صدر دفتر چرچ لین، سرینگر میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری اور دیگر سینئر پارٹی رہنماؤں نے ایڈوکیٹ ہینہ سلطان اور ان کے ساتھیوں کا پُرتپاک خیر مقدم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، جب بھی کوئی اہم سماجی یا سیاسی شخصیت اپنی پارٹی میں شامل ہوتی ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ پارٹی مسلسل عوامی حمایت حاصل کر رہی ہے۔ یہ نئی شمولیتیں ہماری عوام دوست پالیسیوں اور ایجنڈے کی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ آج میں ایڈوکیٹ ہینہ سلطان اور ان کے تمام ساتھیوں کو دلی خیرمقدم پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نئی شامل ہونے والی شخصیات کو پارٹی کی مکمل حمایت حاصل رہے گی تاکہ وہ اپنے علاقوں میں لوگوں کی بہتر خدمت کر سکیں۔
تقریب میں موجود دیگر اہم رہنماؤں میں پارلیمانی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد دلاور میر، سینئر نائب صدر غلام حسن میر، صوبائی صدر محمد اشرف میر، چیف ترجمان و ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزرفاروق انداربی، خواتین ونگ کی صدر دلشاد شاہین، یوتھ ونگ کے صدر یاور میر، صوبائی آرگنائزر و انچارج حضرت بل شبیر ریشی، ترجمان عشرت بھٹ، ضلعی صدر سرینگر محمد شفیع میر، ضلعی صدر پلوامہ ڈاکٹر سمیع اللہ، ضلعی سیکریٹری و انچارج حلقہ شوپیاں اویس مشتاق خان، پارٹی لیڈر سدھارتھ سنگھ اور دیگر شامل تھے۔