سرینگر// جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ اِتو نے آج یقین دہانی کرائی کہ ان نجی سکولوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی جو کتابیں غیر مناسب قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں۔
ایس کے آئی سی سی میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سکینہ اِتو نے والدین پر زور دیا کہ وہ ان سکولوں کے نام فراہم کریں جو طلبہ کو مہنگی کتابیں خریدنے پر مجبور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، “والدین ان سکولوں کے نام اور مقامات ہمیں بھیجیں تاکہ ہم ان کے خلاف مناسب کارروائی کر سکیں”۔
سکینہ اِتو کا یہ بیان ان والدین کی شکایات کے بعد سامنے آیا ہے جن کا کہنا ہے کہ بعض نجی سکول طلبہ کو مخصوص سپلائرز سے کتابیں خریدنے پر مجبور کر رہے ہیں اور ان کتابوں کی قیمتیں غیر مناسب حد تک زیادہ ہیں۔
وزیر تعلیم نے والدین کو یقین دلایا کہ ایسی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی والدین یا طلبہ کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نجی سکولوں میں مہنگی کتابوں کی فروخت پر کارروائی ہوگی: وزیر تعلیم
