عظمیٰ ویب ڈیسک
کپواڑہ // ضلع کپواڑہ میں میڈیا کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام میڈیا اہلکاروں کے لیے تصدیق (ویریفکیشن) کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع اطلاعاتی افسر کپواڑہ کی جانب سے ایک باضابطہ سرکولرجاری کیا گیا ہے، جس میں تمام صحافیوں سے سات روز کے اندر اپنی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سرکلر کے مطابق، یہ فیصلہ جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لیا گیا ہے تاکہ صحافت کے تقدس کو برقرار رکھا جا سکے اور جعلی صحافیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر روک لگائی جا سکے۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف وہی میڈیا اہلکار جو ضلعی اطلاعاتی دفتر سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہوں گے، انہیں سرکاری پروگراموں، پریس کانفرنسوں اور وی آئی پی/VVIP دوروں کی کوریج کی اجازت ہوگی۔غیر تصدیق شدہ یا غیر مجاز افراد کو کسی بھی صورت میں سرکاری تقریبات یا میڈیا سرگرمیوں میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرکلر کے ساتھ منسلک “ضمیمہ A” میں میڈیا اہلکاروں کے لیے درکار تفصیلات اور دستاویزات کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے، جن میں آدھار کارڈ، پین کارڈ، تقرری خط، بینک اسٹیٹمنٹ، تعلیمی اسناد، اور متعلقہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز (فیس بک، یوٹیوب، ایکس، انسٹاگرام) کے لنکس شامل ہیں۔ضلع اطلاعاتی افسر کپواڑہ کے مطابق، یہ اقدام شفافیت، پیشہ ورانہ صحافت کے تحفظ اور جعلی میڈیا سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ صرف مستند اور سنجیدہ صحافیوں کو ہی کام کرنے کا موقع ملے۔ذرائع کے مطابق، اس فیصلے کے بعد کپواڑہ میں میڈیا رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل آئندہ چند روز میں شروع ہونے والا ہے۔
جعلی صحافیوں کے خلاف کارروائی، ضلع کپواڑہ میں میڈیا اہلکاروں کی تصدیق لازمی قرار