عظمیٰ نیو زڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن نے جموں کشمیر آرمڈ پولیس کے سیلیکشن گریڈ کانسٹیبل کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔جاری ایک بیان میں ترجمان کہا،جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے عوامی ملازم یعنی سیلیکشن گریڈ کانسٹیبل دشانت شرما، جو آئی آر پی 20ویں بٹالین سے تعلق رکھتے ہیں (اس وقت آئی آر پی 7ویں بٹالین کے ساتھ منسلک ہیںکے خلاف پولیس اسٹیشن اے سی بی جموں میں کیس ایف آئی آر نمبر 05/2025 بجرم دفعہ 13(1)(ب) اور 13(2) انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 (ترمیم شدہ 2018) کے تحت درج کیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ مقدمہ خفیہ تصدیق کے نتیجے میں درج کیا گیا، جس میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ عوامی ملازم نے اپنی اور اپنے اہل خانہ کے نام پر اپنی آمدنی کے معلوم ذرائع سے کہیں زیادہ منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے جمع کیے ہیں۔
ترجمان نے کہا، خفیہ تصدیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ملازم نے ایک عالی شان دو منزلہ رہائشی مکان، ایک شاپنگ اسٹور کے ساتھ رہائشی عمارت، فوڈ ریسٹورنٹس، کئی پلاٹ، متعدد لگژری گاڑیاں اور مہنگی الیکٹرانک اشیاء وغیرہ خریدی ہیں۔
تحقیقات کے دوران عدالت سے تلاشی کا وارنٹ حاصل کیا گیا اور آزاد گواہوں اور مجسٹریٹوں کی موجودگی میں ملزم کے جموں کے گاڈی گڑھ اور میرں صاحب میں واقع رہائشی اور تجارتی مقامات پر تلاشی لی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اینٹی کرپشن بیورو کا جموں کشمیر آرمڈ پولیس کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج
