عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے جمعہ کو پونچھ ڈویژن کے محکمہ جل شکتی کے ایک جونیئر انجینئر (جے ای) کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے محکمہ جل شکتی، ڈویژن پونچھ میں تعینات جونیئر انجینئر دل پذیر کے خلاف پولیس سٹیشن اے سی بی راجوری میں کرپشن روکتھام ایکٹ، 1988 کی دفعہ 13(1)(بی) آ/ڈبلیو، 13(2) کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 04/2024 درج کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا، “شکایت ملنے کے بعد فوری طور پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں اے سی بی کے ذریعہ کی گئی تصدیق کے نتیجے میں مذکورہ ملزم کے ذرائع آمدنی کے معلوم ذریعہ سے غیر متناسب اثاثے جمع کرنے کے الزامات ثابت ہوئے”۔
ترجمان نے بتایا کہ تصدیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ سرکاری ملازم نے اپنے نام کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے افراد کے نام پر متعدد منقولہ اثاثے جمع کر رکھے ہیں۔ اُنہوں نے تفصیل ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے اثاثہ جات میں گورنمنٹ پی جی کالج کھیوڑہ راجوری کے قریب واقع کروڑوں روپے مالیت کے تین مکانات،پلاٹ نمبر 10 این گجر کالونی سنجوان جموں پر تعمیر کیا گیا لاکھوں روپے مالیت کا دو منزلہ مکان، 12 اپریل 2022 کو رجسٹر ایک گاڑی سکارپیو S-11 زیر رجسٹریشن نمبر JK11F-5433 شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ سرکاری ملازم کے ساتھ ساتھ اس کے خاندان کے افراد کے نام پر بھی متعدد جائیدادیں جمع کی گئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا، “اس طرح سے، مذکورہ بالا سرکاری ملازم دل پزیر، جونیئر انجینئر، جو جل شکتی ڈیپارٹمنٹ ڈویژن پونچھ نے بدعنوانی کے طریقوں میں ملوث ہو کر خود کو غیر قانونی طور پر مالا مال کیا ہے جو پہلی نظر میں پریوینشن آف کرپشن ایکٹ، 1988 کی سیکشن 13(1) (b) آر/ ڈبلیو 13(2) کے تحت قابلِ جرم ہے۔
انسداد بدعنوانی بیورو نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت باضابطہ مقدمہ درج کرنے کے بعد، ضلع جموں اور ضلع راجوری میں مذکورہ ملزم کے احاطے میں مجسٹریٹس/آزاد گواہوں کی موجودگی میں مقامی پولیس کی مدد سے بیک وقت تلاشی بھی لی۔ مزید تفتیش کے دوران ضبط شدہ ریکارڈ کی تفصیلی اور گہرائی سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔
معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔