عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (ای سی بی) نے سابق سرپنچ دھنور گورسیان، راجوری اور سابقہ بی ڈی سی چیئرمین، بلاک راجوری کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ درج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے دربار چوہدری، سابق سرپنچ دھنور گورسیاں اور سابق بی ڈی سی چیئرمین بلاک راجوری ولد مرحوم گلزار علی ساکن دھنور گورسیان راجوری کے خلاف مقدمہ درج کیا، جو ایف آئی آر نمبر 01/2025 یو/ایس 13(1)(بی) کے تحت درج کیا گیا ہے، جو 1988 کے انسداد بدعنوانی ایکٹ کے سیکشن 13(2) سے مشروط ہے (2018 میں ترمیم کے ساتھ)۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ ایک خفیہ جانچ کے نتیجے میں درج کیا گیا، جس میں ای سی بی راجوری نے الزام لگایا کہ مذکورہ ملزم شخص نے اپنے جانے پہچانے ذرائع آمدنی سے زیادہ اثاثے جمع کیے ہیں۔ جانچ کے دوران یہ سامنے آیا کہ مذکورہ عوامی نمائندہ 2011 میں پنچایت دھنور گورسیان، راجوری کا منتخب سرپنچ رہا اور 2019 سے 2023 تک بلاک راجوری کا منتخب بی ڈی سی چیئرمین بھی رہا۔
اس دوران اس نے اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کے مختلف قیمتی اثاثے جمع کیے، جن میں کئی خوبصورت مکانات، متعدد پلاٹس، دکانیں، عیش و آرام کیلئے گاڑیاں اور دیگر اثاثے شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح، مذکورہ شخص دربار چوہدری ولد مرحوم گلزار علی، دھنور گورسیان راجوری، سابق سرپنچ دھنور گورسیان اور سابق بلاک ڈیولپمنٹ چیئرمین، بلاک راجوری نے بدعنوان طریقوں سے اپنی دولت میں اضافہ کیا اور اپنے ذرائع آمدنی سے زیادہ اثاثے حاصل کیے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو نے مقدمہ درج کرنے کے بعد، مقامی پولیس کی مدد سے مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں مذکورہ ملزم شخص کی رہائش گاہوں پر ایک ساتھ چھاپے مارے۔انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ ریکارڈ کی تفصیلی اور گہرائی سے جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔
اینٹی کرپشن بیورو کی راجوری کارروائی ،سابقہ سرپنچ اور سابقہ بی ڈی سی چیئرمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
