عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے ایک سرکاری ملازم کے خلاف ناجائز اثاثہ جات جمع کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے، جو کہ بانہال علاقے میں سی اے پی ڈی میں تعینات تھا۔موصولہ ایک بیان کے مطابق، یہ مقدمہ شاہی لال شوکت علی، جو کہ محکمہ سی اے پی ڈی میں چوکیدار کے طور پر تعینات تھے اور تحصیل سپلائی دفتربانہال میں خدمات انجام دے رہے تھے، کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ جانچ کے بعد مقدمہ درج کیا گیا، جس میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ ملزم نے اپنے اور اپنے اہل خانہ کے نام پر اپنی آمدنی سے کہیں زیادہ منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں حاصل کی ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے جموں کے علاقہ اسرار آباد میں ایک عالیشان دو منزلہ رہائشی مکان، بانہال میں ایک اور دو منزلہ مکان، مختلف جگہوں پر کئی پلاٹس اور لگژری گاڑیاں حاصل کی ہیں۔ بیان میں کہا گیاہے کہ اس کے علاوہ، مالیاتی دستاویزات اور ایسے شواہد بھی ملے ہیں جو ناجائز دولت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے اور مجسٹریٹس اور غیر جانبدار گواہوں کی موجودگی میں ملزم کی جموں کے سدھرا اور بانہال میں واقع رہائش گاہوں پر تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران مختلف بینکوں سے تعلق رکھنے والی 16 چیک بکس، 5 پاس بکس، مختلف مقامات پر جائیدادوں سے متعلق دستاویزات، ایک پاسپورٹ جس میں بین الاقوامی سفری تاریخ درج ہے، غیر ملکی کرنسی، سینئر افسران کی تین سرکاری ربڑ سٹیمپس جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی اے پی ڈی، رام بن اور ٹی ایس او بانہال کی مہریں شامل ہیں، اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔